دنیا کے گرد گھومنے والا بین الاقوامی خلائی سٹیشن یا آئی ایس ایس اس وقت اپنے مدار سے لڑکھڑا گیا جب وہاں پہنچنے والے ایک روسی خلائی جہاز نے غلطی سے اپنے راکٹ چلا دیے۔امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مشن کنٹرول کے عملے نے غلطی کی درستگی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور اب تمام سسٹم معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
اس چھوٹی سے غلطی سے کوئی بڑا حادثہ بھی پیش آسکتا تھا تاہم مشن کنٹرول میں موجود اہلکاروں نے خلائی سٹیشن کے ایک اور حصے پر نصب راکٹ چلا کر آئی ایس ایس کی حرکت پر قابو پا لیا۔واقعے کی تفتیش ہو رہی ہے۔تاہم امریکی اور روسی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر موجود سات خلابازوں کبھی بھی خطرے میں نہیں تھے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ جمعرات کو روس کے 'نوکا' نامی خلائی جہاز کی انٹرنیشنل سپیس سٹیشن آمد کے کچھ گھنٹوں بعد پیش آیا، جو کہ آٹھ دن کی پرواز کے بعد آئی ایس ایس تک پہنچا تھا۔ناسا کی ایک ٹویٹ کے مطابق روسی خلائی جہاز کے راکٹ 'حادثاتی اور غیر متوقہ طور پر چل پڑے جس کی وجہ سے سٹیشن اپنی بلندی سے 45 ڈگری گر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اصلاحی اقدامات کی بدولت خلائی سٹیشن کو اس کی متعین بلندی پر واپس لے آیا گیا ہے اور اسے کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔جبکہ حادثے کے وقت خلائی سٹیشن کے عملے سے مشن کنٹرول کا رابطہ کئی منٹوں کے لیے منتقع ہو گیا تھا لیکن آئی ایس ایس میں موجود خلا بازوں کے مطابق انھیں کوئی بڑا جھٹکا محسوس نہیں ہوا۔
Post a Comment