شادی سے انکار کرنے پر بھارتی اداکارہ کو اُن کے دوست نے قتل کرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا.
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ مالوی ملہوترا کو چند روز قبل اُن کے دوست نے شادی کی پیش کش کی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا.رپورٹ کے مطابق مالوی گزشتہ روز رات کے وقت گھر جارہی تھیں کہ اسی دوران ایک شخص نے اُن کے پیٹ پر تین بار چاقو کا وار کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں.اداکارہ پر ہونے والے حملے کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بروقت اقدامات اور طبی امداد فراہم کرکے اُن کی زندگی بچائی.
چاقو بردار حملہ آور اداکارہ کو زخمی کرنے کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگیا تھا.پولیس حکام کے مطابق حملہ آور اداکارہ کا دوست ہے جس نے چند روز قبل شادی کی پیش کش کی تھی.ملزم کی شناخت کے بعد اداکارہ نے پولیس کو بیان دیا کہ ’میں اُس کو ایک سال سے جانتی ہوں، چند روز قبل اُس نے شادی کی پیش کش کی تھی جس پر میں نے انکار کیا تو وہ غصے سے آگ بگولہ ہوگیا تھا'.ممبئی پولیس نے اداکارہ پر حملے کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں.تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ہمیں کامیابی مل جائے گی.واضح رہے کہ مالوی ملہوترا بھارتی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جبکہ انہوں نے بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ میں ریلیز ہونے والی فلموں میں بھی کام کیا.
Post a Comment