کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئے بحران اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بڑھتی بے روزگاری نے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں.ان مشکلات کی وجہ سے عام لوگوں کے ذریعہ لوگوں کی مدد کے لئے ہاتھ بھی آگے بڑھائے گئے ہیں.بہت سے لوگوں نے مفت میں کھانا تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا،جو آج بھی جاری ہے.تاہم دہلی کے اوکھلاعلاقہ کے جامعہ نگر میں نیکی کی ٹوکری کے نام سے بھوکوں کی مدد کی شروعات کی گئی ہے.اوکھلا ہیڈ پر واقع سلمان بھائی روٹی والے کی دکان پر نیکی کی ٹوکری لگائی گئی ہے،جس میں روٹی خریدنے والے اضافی روٹیاں خرید کر ڈال دیتے ہیں اور غریب و مفلس بھوکے افراد اپنی ضرورت کے اعتبار سے وہاں سے روٹی لے لیتے ہیں.
خدمت خلق گروپ کے ذریعہ ایک ماہ قبل ہی اس کی شروعات کی گئی تھی جو کافی کامیاب رہی ہے اور دوپہراور شام کے اوقات میں سو سے زیادہ افراد روٹی لے جاتے ہیں.خدمت خلق گروپ کے رکن جمال عبدالناصر نے بتایا کہ ان کے گروپ میں پانچ افراد ہیں مشیر احمد ، محمد نوید ، محمد فردین اور محمد دلشاد انصاری سب ہی خدمت خلق کے تحت لاک ڈاﺅن کے وقت سے مفت میں کھانا تقسیم کراتے آرہے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے.تاہم ہم نے ایک شوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھا ، تو ہمیں یہ کرنے کی ترغیب ملی.کیونکہ اس میں سماج کے تمام لوگ شامل ہوتے ہیں اور کسی پر بھی بہت زیادہ مالی بوجھ نہیں پڑتا.
غریبوں کو ہورہا فائدہ
روٹی والے سلمان بھائی بتاتے ہیں ان کی دکان پر پہلے ایسا نہیں تھا.لیکن قریب کے میڈیکل اسٹور چلانے والوں نے اس کی شروعات کرائی.اب کافی لوگ جو پہلے سے روٹی لینے آتے رہے ہیں ، وہ ایک دو روٹی زیادہ خرید لیتے ہیں اور نیکی کی ٹوکری میں ڈال جاتے ہیں اور جو لوگ ضرورت مند ہوتے ہیں ، ہم ان کو دے دیتے ہیں.روزانہ تقریبا سو لوگوں کے قریب روٹی لے جاتے ہیں.
Post a Comment