حکومت نے اب فلموں اور ٹی وی سیرئیلوں کے لئے شوٹنگ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے.اس سلسلے میں اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ایک خصوصی ہدایت جاری کی.اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے اتوار کو یہ اعلان کیا.انہوں نے بتایا کہ اب فلموں اور ٹی وی سیریلوں کی شوٹنگ پر لگی پابندی ہٹا لی گئی ہے اور وزارت داخلہ اور وزارت صحت کی ہدایات کے تحت شوٹنگ ہو سکے گی.
ہدایات کے مطابق شوٹنگ کے دوران کیمرے کے سامنے اداکار ماسک نہیں پہنیں گے،لیکن دیگر لوگوں کو پہننا لازمی ہوگا اور سماجی دوری پر عمل کرنا ہوگا.شوٹنگ کے وقت شائقین موجود نہیں رہیں گے.شوٹنگ کے دوران سینیٹائزر وغیرہ کا استعمال کرنا ہوگا.
واضح رہے کہ کورونا وائرس کووڈ-19 کے انفیکشن کے پیش نظر فلموں اور ٹی وی سیریلوں کی شوٹنگ پر پابندی لگا دی گئی تھی.یہ ہدایت ریاستی حکومت نافذ کرسکتی ہے.وہ چاہے تو مقامی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے دیگر التزامات بھی کرسکتی ہے.کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر شوٹنگ پر پابندی لگنے سے فلم انڈسٹری کی معیشت کافی خراب ہوگئی تھی.اداکار بھوکے مرنے کے دہانے پر پہنچ گئے تھے اور ان کیلئے روزگار کا بحران کھڑا ہوگیا تھا.یہ دیکھتے ہوئے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے.
ہندوستان 30 لاکھ سے زائد کورونا کیسزوالا دنیا کا تیسرا ملک
ادھر ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہندوستان اس تعداد کو عبور کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک ہو گیا ہے.دنیا میں اس وبا سے سب سے زیادہ سنگین طور سے متاثر امریکہ میں اب تک 56،67،112 افراد جان لیوا وبا سے متاثر ہو چکے ہیں اور1،76،353 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں.دوسرے نمبر پر برازیل میں اب تک 35،82،362 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1،14،250 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں.
ہندوستان میں اگست سے کورونا وائرس کی کیسز یومیہ اوسطا 50 ہزار سے بڑھ کر 70 ہزار تک پہنچ چکے ہیں.گزشتہ 16 دنوں میں ، ملک میں کوروناوائرس کے کیسز 20 لاکھ سے بڑھ کر 30 لاکھ سے زیادہ ہوچکے ہیں.ملک میں دوسرے دن تقریبا 70 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 30.44 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے.تاہم یہ اطمینان کی بات ہے کہ اس مہینے میں صحت مند افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کی شفایابی کی شرح تقریبا 75 فیصد تک جا پہنچی ہے.
Post a Comment